حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کو کھلے دل سے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو قبول کرلینا چاہیئے: محمد سعید شیخ ۔ ایف این این آئی

فیصل آباد( ایف این این آئی) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے پانامہ کیس کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی اختلافات کی وجہ سے کو ئی ایسا انتہائی قدم نہ اٹھائیں جس سے ملکی معیشت متاثر ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کا بنیادی مقصد عوام کی ترقی ، خوشحالی اور ملکی سلامتی ہے اور اس کیلئے ملک میں پر امن اور سازگار کاروباری ماحول ناگزیر ہے تا کہ صنعت و تجارت کے فروغ سے لوگوں کیلئے کاروبار میں آسانیاں پید ا کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کیلئے مواقع بھی پیدا کئے جا سکیں۔ ا نہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کو کھلے دل سے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو قبول کرلینا چاہیئے۔ اسی طرح حکمران جماعت مسلم لیگ کو بھی اس فیصلے کی خوشی میں کوئی ایسی حرکت نہیں کرنی چاہیئے جس سے مخالفین کی دل آزاری ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی مسائل کی طرح معاشی معاملات بھی بہت حساس ہوتے ہیں اور اس سلسلہ میں ہمیں متوازن اور میانہ روی کا مظاہرہ کر نا چاہیئے تا کہ کسی بھی صورت میں سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے معیشت پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں