عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو ملک کا ماڈل اور سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل کالج بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں : میاں محمد ادریس ۔ ایف این این آئی

پنجاب, تعلیم

فیصل آباد ( ایف این این آئی) ملک میں اعلیٰ معیار کی طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو ملک کا ماڈل اور سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل کالج بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ جبکہ طلبہ کو طب کے شعبہ میں عالمی سطح پر ہونے والی جدید تحقیق اور کامیابیوں سے باخبر رکھنے کیلئے اس شعبہ سے وابستہ بین الاقوامی مقررین کو لیکچر دینے کیلئے بھی بلوایا جائے گا۔ یہ بات عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں محمد ادریس نے آج کالج کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ اور طالبات کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کی یہ بات کبھی نہیں بھولنی چاہیے کہ والدین اپنی محنت کی کمائی سے بھاری فیسیں ادا کر کے آپ کو پڑھا رہے ہیں۔ اس لئے آپ کو اپنی تمام تر توجہ اپنی تعلیمی اور تعمیری سرگرمیوں پر دینی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ بطور چیف ایگزیکٹو افسر، قابل اساتذہ اور بہترین سہولتیں فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے ۔ لیکن اس کے ساتھ فیکلٹی پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ محنت سے آپ لوگوں کو اسطرح تعلیم دیں کہ نہ صرف طلبہ بلکہ انکے والدین بھی پوری طرح مطمئن ہوں کہ انکی محنت کی کمائی سے ادا کی جانے والی فیسوں کا پورا فائدہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن شعبوں میں ضرورت ہو وہاں فوری طور پر تجربہ کار اور ماہر فیکلٹی کا بندوبست کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ طب کے شعبہ میں بین الاقوامی ماہرین کو لیکچر دینے کیلئے بھی بلایا جائے گا اور اگر ایسا کرنا ممکن نہ ہو تو پھر کم از کم ویڈیو لنک کے ذریعے انکے لیکچر کا بندوبست کیا جائے ۔ میاں محمد ادریس نے بتایا کہ عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی انتظامیہ نے فیکلٹی او رطلبہ دونوں کی کارکردگی کو جدید سائنسی خطوط پر جانچنے کا اہتمام کیا گیا ہے اور اس طرح ہمیں فوری طور پر علم ہو جاتا ہے کہ کن کن شعبوں میں فوری بہتری کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کالج انتظامیہ سے کہا کہ وہ فارغ التحصیل طلبہ کو اپنے ہسپتال میں ہی ہاؤس جاب کرائیں تاکہ انکو آزادانہ طور پر مریضوں کو دیکھنے کا تجربہ ہو ۔ انہوں نے بتایا کہ عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے ایم بی بی ایس کرنے والے پہلے بیج میں سے ہاؤس جاب کرنے والے طلبہ کا انتخاب کر لیا گیا ہے اور انہیں یہ سہولت مہیا کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ اس کالج کے تعلیمی معیار کو اتنا بلند کیا جائے کہ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو نہ صرف اپنے تعلیمی ادارے پر فخر ہو بلکہ دوسرے ادارے بھی نئے ڈاکٹروں کے انتخاب کے وقت انکو ترجیح دیں۔ تقریب سے کالج کے پرنسپل پروفیسرڈاکٹرقیصرمحمود اور دیگر فیکلٹی ممبران نے بھی خطاب کیا جبکہ میاں محمد ادریس نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹرسیکرٹیریٹ اینڈایچ آراعجازحسین بھی موجودتھے۔

Leave a Reply