فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں چینی زبان کے کورس کا دوسرا بیج شروع ہو گیا ہے۔ ایف این این آئی

فیصل آباد( ایف این این آئی) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں چینی زبان کے کورس کا دوسرا بیج شروع ہو گیا ہے۔ اس کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر چیمبر انجینئر محمد سعید شیخ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو اس خطے کیلئے گیم چینجر قرار دیا ہے اور کہا کہ اس سے فائدہ اٹھانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ زبان کی تھی جسے دور کرنے کیلئے چینی زبان کا کورس شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیئے کہ وہ چینی زبان سیکھیں تا کہ آنے والے دنوں میں وہ یہاں آنے والے چینی بھائیوں کے ساتھ کام کرنے کے علاوہ چین کے ساتھ صنعت و تجارت کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے اس کورس کے اجراء کے سلسلہ میں سی پیک کمیٹی کے چیئر مین / نائب صدر انجینئر احمد حسن ، ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ایم ڈی طاہر اور چینی زبان کی انسٹرکٹر محترمہ کوثرحمید کی کوششوں کو خاص طور پر سراہا۔ سینئر نائب صدر رانا سکندر اعظم خاں نے بھی چینی زبان کے دوسرے کورس کے اجراء کو سراہا اور کہا کہ چیمبر کو دوسری غیر ملکی زبانوں کے علاوہ مشرق وسطی میں کام کرنے والے لوگوں کیلئے عربی بول چال کے کورس بھی شروع کرنے چاہیءں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت غیر ملکی ترسیلات کی بڑی تعداد مشرق وسطی سے ہی آرہی ہے۔ ہم ان لوگوں کو عربی سیکھا کر نہ صرف ان کیلئے زیادہ منافع بخش ملازمت کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں بلکہ اس سے پاکستان کو ملنے والی غیر ملکی ترسیلات میں بھی اضافہ ہوگا۔ تقریب سے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ ا نڈسٹری کی ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر حبیب اسلم گابا ، ایم ڈی طاہر اور چینی زبان کی ٹیچر محترمہ کوثر حمیدنے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں