78

تجارتی روابط کو فروغ دینے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور چین کی کونسل برائے پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ۔ ایف این این آئی

اسلام آباد (ایف این این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے چین کی کونسل برائے پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ کے ساتھ باہمی تعاون کے ایک معاہدہ کیا ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مضبوط کرنا اور دونوں کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست تعلقات کو فروغ دینا ہے تا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارت کو مزید بہتر کیا جا سکے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک اورچین کی کونسل برائے پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ کے نائب چیئرمین زاؤ فنگ نے چین کے شہر تیانجن میں معاہدے پردستخط کئے۔ خالد ملک سی پیک سے متعلقہ کچھ اہم فورمز میں شرکت کرنے کیلئے چین کے دورے پر تھے۔
اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے تاجر برادری کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے وقتا فوقتا باہمی اجلاس منعقد کریں گے اور پاکستان و چین کے مابین تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ دونوں ادارے ایک دوسرے کے ملک کی تجارتی پالیسی کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کرنے کیلئے باہمی سمینارز منعقد کریں گے۔ا س موقع پر بطور اہم سپیکر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے بے شمار مواقع موجود ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ان مواقعوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط قائم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری سی پیک منصوبے کو مثبت انداز میں دیکھتی ہے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک میں دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو مساوی مواقع فراہم کئے جائیں۔
انہوں نے اس موقع پر حکومت پاکستان کی حکومت کی طرف سے سی پیک منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے چین کے سرمایہ کاروں کو فراہم کی گئی پرکشش مراعات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں دعوت دی کہ وہ پاکستان کا دورہ کر کے سی پیک میں کاروبار کے مواقع تلاش کریں ۔ چین کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سی پیک سمیت دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
چین کی کونسل برائے پروموشن آف انٹرنیشنل ٹرید کے نائب چیئرمین زاؤ فنگ نے اپنے خطاب میں ان کے ادارے کے ساتھ باہمی تعاون کا معاہدہ کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک کا شکریہ ادا کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ مذکورہ معاہدہ پاکستان اور چین کی تاجر برادری کے درمیان بہتر انڈرسٹیڈنگ پیدا کرنے اور پاکستان و چین کے مابین باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی طرف مثبت پیش رفت ثابت ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں